نیویارک،11مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عالمی عدالتِ انصاف نے مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادو کی سزائے موت پر حکم امتناعی دیے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں انڈین درخواست کی سماعت 15 مئی کو ہوگی۔عالمی عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کہا گیا ہے کہ عدالت کے سربراہ نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں درخواست کی ہے کہ 'کوئی ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس سے کلبھوشن یادو کے مقدمے کی سماعت بے معنی ہو جائے۔خیال رہے کہ انڈیا نے کلبھوشن یادو کو پاکستان میں سزائے موت سنائے جانے کے بعد آٹھ مئی کو دی ہیگ میں واقع عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرتے ہوئے اس سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔جس کے بعد انڈین میڈیا پر ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف نے کلبھوشن یادو کی پھانسی کی سزا معطل کر دی ہے۔تاہم انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'عالمی عدالتِ انصاف نے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔